مینگلور27؍اپریل(ایس او نیوز) یہاں سے قریب 30 کلو میٹر دور موڈبیدری میں کنویں میں کود کر ایک شادی شدہ خاتون کی خودکشی کے بعد اس کے والدین کی طرف سے شک کااظہار کرنے پر پولیس نے مہلوک خاتون کے شوہر اور اس کی ساس کو گرفتار کرلیا ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ کورتھنڈا نامی مقام پر جیوتی (33سال)اپنے دوبچوں ، شوہردنیش شیٹی اور ساس ونجا شیڈتی کے ساتھ رہتی تھی۔ اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں شروع ہونے پر دونوں بچوں کو ان کے ننیہال بھیج دیا گیا تھا۔ 23اپریل کو جیوتی نے مبینہ طور پر اپنے سسرالی گھر کے کنویں میں کود کر جان دے دی تھی۔ پولیس نے اس واقعے کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچ کر کنویں سے لاش نکلوائی تھی اور اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیاتھا۔
حالانکہ اڑوس پڑوس والوں کاکہنا تھا کہ جیوتی کی گھر گرہستی ہنسی خوشی چل رہی تھی۔ لیکن اس کے والدین نے اس معاملے کو خود کشی ماننے کے بجائے اسے ایک منصوبہ بند قتل کی نگاہ سے دیکھاتھا اور شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی تھی۔ موڈبیدری پولیس نے اس شکایت کے پس منظر میں دنیش اور ونجا شیڈتی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولس کی چھان بین جاری ہے۔